خطوط نویسی/مکتوب نگاری/مراسلہ نگاری/ خط و کتابت
خط عربی زبان کا لفظ ہے۔جس کے لغوی معنی لکیر یا نشان اور مجازی یا اصطلاحی معنی ‘ وہ تحریر جو ایک شخص دوسرے شخص کو متعلقہ احوال یا استفسار کی خاطر بھیجتا ہے۔’اس تحریر کے ذریعے ایک شخص کی بات دوسرے تک پہنچ جاتی ہے۔
خطوط کی اقسام
1۔ غیر رسمی /خانگی/نجی/شخصی خطوط:
یہ ذاتی خطوط ہوتے ہیں۔جو اپنے عزیزوں ، رشتہ داروں، دوستوں اور بزرگوں وغیرہ کو لکھے جاتے ہیں۔ان میں بے تکلّفی کی فضا پائی جاتی ہے۔ یہ خطوط خاص اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔
2۔رسمی خطوط :
ایسے خطوط شادی بیاہ یا دیگر معاشرتی و مذہبی تقریبات ، مختلف علمی و ادبی یا ثقافتی تقریبات میں شرکت کے دعوت نامے ہوتے ہیں۔ان کا نفسِ مضمون رسمی نوعیت کا ہوتا ہے۔اس میں چند مخصوص الفاظ و تراکیب اور مقررہ جملوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
3۔ عمومی خطوط:
ایسے شخص کو لکھےجانے والے خطوط جن کا موضوع ذاتی نہ ہو بلکہ کسی اجتماعی معاشرتی یا قومی مسئلے پر اظہارِ خیال کیا جائے ؛ عمومی خطوط کہلاتے ہیں۔اس میں مخاطب تمام افراد ہوتے ہیں۔اخبارات و رسائل میں ‘ایڈیٹر کے نام خط’ کے تحت شائع ہونے والے خط اسی زُمرے میں آتے ہیں۔
4۔معاملاتی خطوط :
مختلف کاروباری یا معاملاتی مسائل کے تحت تحریر کئے جانے والے خط اس زُمرے میں آتے ہیں۔اس خط میں بے تکلفی کی گنجائش نہیں ہوتی۔
5۔ سرکاری خطوط :
ایسے خطوط جن کا تعلق کسی نہ کسی حوالے سے حکومت یا کسی سرکاری محکمے سے ہوتا ہے۔ان خطوط کا لگا بندھا اور متعین انداز ہوتا ہے۔ اس میں جدّت طرازی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔
( غیر رسمی خط 200 الفاظ پر مشتمل ہوگا اور تین پیراگراف میں لکھا جائے گا۔)
خطوط نویسی کے لئے موضوعات
- والد کے نام خط لکھ کر بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنے کی رضا مند ی حاصل کیجیئے / امتحان میں ناکامی/اپنی تعلیمی مشکلات سے آگاہ کریں /اپنا جیب خرچ بڑھانے کی درخواست کریں
- دوست کے نام خط۔ اسکول کے کسی پروگرام /کسی مشہور مقام کی سیر/مچھروں سے پھیلنے والی خطرناک بیماریوں سے بچنے کی تدبیر/کسی حادثے کا ذکر، طلبا اور انتظامیہ کی ذمہ داریاں /چھٹیاں گزارنے کی دعوت/دادا کی وفات پر تعزیت کریں۔
- چھوٹے بھائی کو خط لکھ کر بتائیں کہ برانڈ زنہیں بلکہ علم کے میدان میں خود کو منوانا زیادہ اہم ہے/ منشیات کے نقصانات/اگلی جماعت میں مضامین کے انتخاب کے لئے مشورےدیں / صبح کی سیر اور ورزش /فاسٹ فوڈ کے نقصانات بتائیں۔
- ہیلتھ آفیسر کو خط لکھ کر علاقے کی صفائی کے ناقص انتظام کے بارے میں آگاہ کریں۔
- ریلوے ماسٹر کو خط لکھ کر ریل گاڑیوں کی خراب صورتِ حال اور ناقص انتظامات کے بارے میں آگاہ کریں۔
- کسی مارننگ شو کے ڈائریکٹر کے نام خط لکھ کر انہیں نئے ، مفید اور با مقصد پروگرام پیش کرنے کی تجویز دیں۔
- ٹریفک کنٹرول آفیسر کوعلاقے میں ٹریفک اور سڑکوں کی خراب صورت حال کےمتعلق بتائیں اور بہتری کے لئے تجاویز دیں۔
- اسکول کے پرنسپل کے نام خط لکھ کر اسکول میں ناکافی طبی سہولیات کے بارے میں آگاہ کریں/اسکول ٹرپ کےلئے اجازت لیں۔
- ایڈیٹر کے نام خط ۔نظام ِ تعلیم کی خرابیاں
ناظمِ شہر کے نام خط لکھ کربارش سے پیدا ہونے والی صورت حال اور بہتری کے لئے تجاویز دیں ۔
از کمرۂ امتحان ،
ا۔ب۔ج
تاریخ:۔۔۔
بہ خدمت جناب ناظم صاحب!ماڈل کالونی، کراچی ،پاکستان
جناب محترم ! اسلام علیکم ،
آج میں ایک بہت اہم مسئلے کی جانب آپ کی توجہ مبذول کرانا چاہتا ہوں۔میں گذشتہ دس سال سے ماڈل کالونی میں رہائش پذیر ہوں۔اس دوران میں نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے۔اس علاقے کی بہتری کے لئےآپ کی خدمات سرِ فہرست ہیں۔آپ نے اس علاقے میں کئی ترقیاتی کام کروائے اور اپنے ووٹ کا حق ادا کیا۔آج میں آپ کی توجہ بارش کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کی طرف کروانا چاہتا ہوں۔
گذشتہ دنوں ہونے والی بارش کی زیادتی نے کئی مسائل کو جنم دیا ہے۔ کھڑے ہونے والے پانی نےگلیوں اور سڑکوں پر شگاف ڈال دیئے ہیں۔جس کی وجہ سے پانی گھروں کے اندر داخل ہوگیا ۔ ابلتے گٹر کا بدبودار پانی علاقہ مکینوں کے لئے اذیت بنا ہوا ہے۔اس کے علاوہ ملیریا اور دیگر امراض پھوٹ پڑنے کا بھی امکان ہے۔ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔مسلسل بارش سے بجلی کا نظام بھی تہس نہس ہوگیا ہے۔تاریں ٹوٹنے کی وجہ سے جانی نقصان کے پیشِ نظر بجلی بند کردی گئی ہے ۔ یہ ایک الگ مصیبت ہے۔علاقہ مکینوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔
ان مسائل کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے آپ سے گزارش ہے کہ پانی کی نکاسی، سڑکوں کی مرمت ، بجلی کے انتظام میں بہتری اور دیگر مسائل کے حل کے لئے جلد از جلد خصوصی اقدامات کریں۔تاکہ شہری ان مشکلات سے چھٹکارا حاصل لریں اور آپ کے حق میں دعائے خیر کریں۔
خیر اندیش ،
ایک ذمہ دار شہری
ہ۔و۔ز
اپنے قلمی دوست کے نام خط لکھیں ۔جس میں اسے اپنی آنے والی چھٹیوں کے پروگرام کے بارے میں بتائیں۔
کمرۂ امتحان ،
ا۔ب۔ج
تاریخ۔۔۔
پیارے دوست ناصر !
اسلام علیکم ،
میں یہاں خیریت سے ہوؐ۔ امید ہے کہ تم بھی خیریت سے ہو گے۔میں تمہارے پچھلے خط کا جواب جلد نہ دے سکا ۔اس کی وجہ یہ تھی کہ میرے امتحانات ہو رہے تھے اور سر کھجانے کی بی فرصت نہ تھی۔ اب امتحانات ختم ہو چکے ہیں ۔پیپر الحمد للہ بہت اچھے ہوئے ہیں۔ امید ہے کہ رزلٹ بھی اچھا آئے گا۔امید ہے کہ تم بھی اپنے امتحانوں سے فارغ ہو چکے ہوگے۔ میں تمہیں اپنے شہر آنے کی دعوت دینا چاہتا ہوں اور اپنے پروگرام کے بارے میں بھی آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔
کراچی ایک بہت بڑا اور پُر رونق شہر ہے مجھے امید ہے کہ تمہیں یہاں بہت مزہ آئے گا۔ہم آغاز یہاں کے روایتی ناشتے ‘حلوہ پوری’ سے کریں گے۔یہاں لذیذ کھانوں کی بہت سی مشہور جگہیں ہیں ۔ساحل ِ سمندر کی سیر کا الگ ہی مزہ ہے۔ مختلف تفریحی مقامات اور عجائب گھر ہے۔ فلم دیکھنے بھی جائیں گےشاپنگ بھی کریں گے۔تم آؤ گے تو بیٹھ کر پروگرام بنائیں گے کہ کس دن کہاں جائیں۔
مجھے یقین ہے کہ کراچی کی یہ سیر تمہیں بہت پسند آئے گی اور تم اس سے بہت لطف اندوز ہوگے۔یہ تفریح ہماری دوستی کو مزید مضبوط کرے گی۔
امید کرتا ہوں کہ تم میری اس دعوت کو ضرور قبول کروگے۔اور اس سفر کو یادگار بنا دو گے۔اپنے والد صاحب کو میرا سلام کہنا اور میری طرف سے خصوصی گزارش کرنا ۔مجھے تمہارے مثبت جواب کا بڑی بے صبری سے انتظار رہے گا۔اللہ حافظ۔
فقط ،
تمہارا دوست ،
ہ۔و۔ز