ہومدرس و تدریسکلامِ سحراشاعتتبصرےمیرے بارے میں

E-Mail.کیمبرج ،او لیول ۔الیکٹرانک خط/ ای میل لکھنا۔

تاریخ: August 29, 2026 مصنف: shakra زمرہ: درس و تدریس, کیمبرج

—ای میل دراصل الیکٹرانک میل کا مخفف ہے۔

—اردو میں اسے برقی ڈاک بھی کہا جاتا ہے

—یہ خط لکھنے کا ہی تسلسل ہے۔

—ای میل چند سیکنڈوں میں ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچ جاتی ہے۔

—ای میل بھیجنے سے پہلے آپ کو اپنا ایک اکاونٹ بنانا پڑتا ہے۔اسی طرح وصول کرنے والے کا بھی اکاونٹ ہونا چاہیئے۔ یہ ایک پتاہوتا ہے

—ای میل پتا بنانے کے دو طریقے ہیں۔Gmail , Livemail۔

—لائیو میل  کو پہلے hotmail کہا جاتا تھا۔دوسری yahoo کہلاتی ہے۔

—

غیر رسمی ای میل کا خاکہ

  • جس کو ای میل لکھی جائے اس کا ایڈریس To abcd@123.com.pk
  • ای میل کا مختصر موضوع پالتو بلی بھیجنے پر شکریہ Subject : 
  • جس کو ای میل لکھی جائے اس کے مطابق القاب پیاری سہیلی ! حِنا ،
  • سلام اسلام علیکم
  • ای میل لکھنے کا مقصد   ( میں یہ ای میل اس لئے لکھ رہی ہوں کہ ٍ- – –     )
  • ای میل کے مضمون میں پوچھے گئے 3 نکات کے متعلق تحریر کریں۔( نکات یا پیراگراف کی صورت میں)
  • اختتامی جملے ( مجھے آپ کے جواب کا انتظار رہے گا۔)
  • لکھنے والے کا نام /رشتہ ( آپ کی سہیلی ؛ ا۔ب۔ج )
  • جسے ای میل لکھی جائے اُس کا ای میل ایڈریس
  • ای میل کا مختصر موضوع
  • القاب
  • سلام
  • پہلے اشارے کا جواب
  • دوسرے اشارے کا جواب
  • تیسرے اشارے کا جواب
  • اختتامی جملہ
  • اختتامیہ

    To : abcd@1234.com.pk

    Subject:                                   عنوان: مستقبل کے عجائب گھر کی سیر

    محترم نانا جان!

    السلامُ علیکم!

    جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ ہم ان دنوں دبئی کی سیر کو نکلے ہیں۔کل ہم نے دبئی کے نئےعجائب گھر کی سیر کی۔ میں آج کی ای میل اس سیر کا حال بتانے کے لئے لکھ رہا ہوں۔ظہیر ماموں بھی ہمارے ساتھ تھے۔

    اس عجائب گھر کو مستقبل کا عجائب گھر کہا جاتا ہے۔یہ عجائب گھر واقعی انسان کو مستقبل  میں لے جاتا ہے۔یہاں پہنچ کر ہمیں  جدید ترین ٹیکنالوجی دیکھنے  اور اس کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے۔یہ ایک ایسی مشین  کی طرح ہے جوانسان کو پل بھر میں خلا میں لے جاتی ہے۔

    میرے خیال میں اس عجائب گھر میں ایک شعبہ تمدن یا ثقافت کا بھی ہونا چاہیئے۔جس میں بتایا جائے کہ مستقبل میں دنیا کی ثقافت یا تمدن کیسا ہوگا۔اسی طرح مستقبل میں تعلیم کے شعبے میں کون کون سے نئے موضوعات شامل ہوں گے۔انھیں بھی اس عجائب گھر کا حصہ ہونا چاہیئے۔

    بہر حال ، ہم نے نہ صرف اس عجائب گھر کی سیر  سے بہت لطف اُٹھایا بل کہ ہمارے علم میں بھی خاصا اضافہ ہوا۔

    آپ کا نواسا

    ا۔ب۔ج     

    —

    سوال: موبائل فون اور سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال سے محفوظ رہنے کے لئےاپنے چھوٹے بہن یا بھائی کو ای میل لکھئے ۔ اس ای میل میں آپ درج ذیل نکات شامل کر سکتے ہیں۔

    • وقت کا ضیاع
    • صحت کو درپیش مسائل
    • توازن قائم کرنے کی ضرورت

      To: abc@123.com.pk

      Subject :        عنوان : سوشل میڈیا کا بے جا استعمال

      پیارے بھائی  !احمد،

      اسلامُ علیکم

      امید ہے کہ تم خیریت سے ہوگےاور ہاسٹل کے نئے ماحول میں خوش ہوگے۔میں یہ کئی دن سے محسوس کر رہا ہوں کہ تم غیر ضروری طور پر فیس بُک، ٹوئیٹر، انسٹا گرام اور واٹس ایپ پر مصروف ہو کر وقت ضائع کر رہے ہو۔بے شک آج کل ان چیزوں کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں۔لیکن تم جانتے ہو کہ والد صاحب نے کس طرح پیٹ کاٹ کر تمہیں ہاسٹل تعلیم میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے بھیجا ہے نہ کہ وقت ضائع کرنے۔اس کے زیادہ استعمال سے تمہاری بینائی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ مستقل ایک جگہ بیٹھ کر سوشل میڈیا استعمال کرنے سے تمہارا وزن بھی بڑھ سکتا ہےاور جسمانی بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔

      لہٰذا ان فضول سرگرمیوں میں حصہ لینے کے بجائے تُم ورزش اور باغ کی سیر کو اپنا معمول بنا ؤ۔تاکہ صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوں۔سوشل میڈیا کا یہ استعمال تمہیں کاہل اور سُست بنا دے گا۔

      پیارے بھائی تم اپنی زندگی میں توازن قائم کرو۔میں یہ نہیں کہتا کہ سوشل میڈیا سے الگ تھلگ ہو جاؤ۔ البتہ ہر کام کے لئے ایک مناسب منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے۔پڑھائی کے وقت پڑھائی، کھیل کے وقت کھیل، کچھ وقت سوشل میڈیا پر دوستوں سے رابطہ کرنا بری بات نہیں۔مگر جس مقصد کے لئے تم گھر سے دور ہاسٹل میں رہتے ہو ، وہاںتمھیں اپنے اوّلین مقصد کو سب پر فوقیت دینا ہوگی ۔

      اُمید ہے تم ان باتوں پر ٹھنڈے دماغ سے غور کروگے۔

           تمہارے روشن مستقبل کے لئے فکرمند

      تمہارا بھائی،

      اسد

      ———–

      مشق

      1۔آپ اپنے گھر والوں کے ساتھ ساحل سمندر کی سیر کو گئے تھے۔اپنے دوست کو ای میل لکھ کر اپنے تجربات کے بارے میں بتائیں۔

      اپنی ای میل میں درج ذیل نکات ضرور شامل کریں:

      • آپ کس جگہ گئے اور کیوں؟
      • آپ نے گھر والوں کے ساتھ کس طرح لطف اُٹھایا؟
      • آپ کی نظر میں سیر و تفریح کے کیا فوائد ہیں؟

      (آپ کی ای میل 150 الفاظ پر مشتمل ہو)

      مواد کے نمبر : 6 ، صحیح زبان اور طرزِ تحریر کے نمبر :8

      مشق

      2۔ایک مشہور کمپنی سے آپ نے آن لائن خریداری کی تھی۔لیکن اپنی مطلوبہ چیز کے ملنے پر آپ مطمئن نہیں ہیں۔کمپنی کے منیجر کو اس بارے میں اپنی شکایات ایک ای میل کی صورت میں لکھیں۔

      اپنی ای میل میں درج ذیل نکات ضرور شامل کریں۔

      • دئیے گئے آرڈر کی تفصیلات
      • وصول ہونے والی چیز میں کمی یا خرابی
      • مسئلے کے حل کے لئے پیش کش

      آپ کی ای میل 150 الفاظ پر مشتمل ہو۔

      مواد کے نمبر 6، صحیح زبان اور طرز تحریر کے نمبر 8

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *