محاورہ
محاورہ بول یا بات چیت کو کہتےہیں۔ اصطلاح میں محاورہ الفاظ کا وہ مجموعہ ہوتا ہے جو اپنے ھقیقی معنی کی بجائے مجازی معنی میں استعمال کیا جاتا ہے۔ یعنی جن کے معنی ان کے اصل معنی سے مختلف لئے جاتے ہیں۔محاورات کے معنی تبدیل نہیں ہوتے۔
مثلاً: گھوڑے بیچ کر سونا ۔مراد بے خبر سونا ہے۔
پیٹ میں چوہے دوڑنا ۔مراد پیٹ خالی ہونا یا بہت زیادہ بھوک لگناہے۔
نو دو گیارہ ہونا کا مطلب کچھ نقصان پہنچا کر غائب ہوجانا ہے۔
محاورے ہمیشہ فعل کی صورت میں ہوتے ہیں۔’نا’ کا استعمال اس کی نشانی ہے۔
ضرب المثال
ضرب المثل کے معنی ‘مثال بیان کرنا’ ۔وہ کلام جو اہلِ زبان کے نسل در نسل تجربات کا نچوڑ ہو، جس سے کوئی اخلاقی سبق یا عبرت کا درس ملے، اسے ضرب المثل کہتے ہیں۔اس میں الفاظ اپنے حقیقی معنوں میں نہیں بلکہ مجازی معنوں میں استعمال ہوتے ہیں۔اس کی ساخت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔یہ کوئی سچا واقعہ یا قصہ ضرور ہوتا ہے۔اس کو کہاوت بھی کہتے ہیں۔
مثلاً : اُلٹا چور کوتوال کو ڈانٹے
یار زندہ صحبت باقی
آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا
محاوروں کو جملوں میں استعمال کرنا
- ڈھلتی پھرتی چھاوں ہونا: زوال کی حالت ہونا: دولت تو ڈھلتی پھرتی چھاوں ہے اس کا کیا اعتبار۔
- ڈنکا بجنا : اعلانیہ کہنا : میں یہ بات ڈنکے کی چوٹ پر کہہ سکتا ہوں۔
- ڈنکا بجتا : بول بالا ہونا : اس کی قابلیت کا تو پورے شہر میں ڈنکا بج رہا ہے۔
- ڈٹ جانا : جم کر کھڑا ہو جانا : زندگی کی مصیبتوں کے سامنے ڈٹ جانا ہی بہادری ہے۔
- چہرہ اتر جانا : کمزور ہونا : بیماری کے بعد تمہارا چہرہ کتنا اتر گیا ہے۔
- چار چاند لگنا : بہت بڑھ جانا : اس کامیابی نے ساجد کی زندگی میں چار چاند لگا دئیے۔
- چکمہ دینا : دھوکہ دینا : وہ سب کو چکمہ دے کر نکل جاتا ہے۔
- جلتی پر تیل چھڑکنا: جھگڑا بڑھانا : جلتی پر تیل چھڑکنا عقل مندی نہیں ہے۔
- آگے دوڑ پیچھے چھوڑ : ایک کام ادھورا چھوڑ کر دوسرا شروع کرنا : آگے دوڑ پیچھے چھوڑ والا معاملہ اپنا کر انسان کامیاب نہیں ہوسکتا۔
- آپے سے باہر ہونا: بہت زیادہ غصہ کرنا : بیٹے کو جھوٹ بولتا دیکھ کر باپ آپے سے باہر ہو گیا۔
- آنکھ کا تارا ہونا: بہت پیارا ہونا: میرا چھوٹا بھائی پورے گھر کی آنکھ کا تارا ہے۔
- آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا :ایک مصیبت سے رہا ہوا تو دوسری آپڑی
- بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی : غلطی /گناہ ایک نہ ایک دن ظاہر ہو کر ہی رہے گا۔
- آج مرے کل دوسرا دن: موت قریب ہے اور وقت تیزی سے گزر جاتا ہے۔
- آم کے آم گٹھلیوں کے دام: دو دو فائدے
- اندھوں میں کانا راجا: جاہلوں میں کوئی کم پڑھا لکھا
- اندھے کو کیا چاہیئے دو آنکھیں: ضرورت مند کو اپنے مطلب سے غرض ہوتی ہے
- آنکھ اوجھل پہاڑ اوجھل: جو چیز سامنے نہ ہو اس کا ہونا نہ ہونا برابر ہے
- ایک تو کریلا دوسرا نیم چڑھا: بُری فطرتاور پھر اس پر بری صحبت
- اونچی دکان پھیکا پکوان: شہرت زیادہ اصلیت کم
- ایک مچھلی سارے تالاب کو گندہ کرتی ہے: ایک برا آدمی سب کو بدنام کرتا ہے
- بد اچھا بدنام برا: بری شہرت انسان کو برے سے بھی زیادہ بدتر بنا دیتی ہے
- بندر کیا جانے ادرک کا سواد: ہر شے کی خوبی ہر انسان نہیں جانتا
- جس کی لاٹھی اس کی بھینس: زبر دست کی جیت ہے
- چعر کی داڑھی میں تنکا: خطا کار کی باتوں سے اس کی خطا ظاہر ہو جاتی ہے
- خدا گنجے کو ناخن نہ دے: خدا کمینی فطرت والے کو دولت نہ دے
- خربوزے کو دیکھ کر خربوزہ رنگ پکڑتا ہے: انسان پر صحبت کا اثر ضرور پڑتا ہے
- دل کو دل سے راہ ہوتی ہے: محبت دونوں طرف سے ہوتی ہے
- ڈوبتے کو تنکے کا سہارا : مصیبت کے وقت ذرا سی مدد بھی کافی ہوتی ہے
- سانچ کو آنچ نہیں : سچے کو نقصان نہیں پہنچتا
- سر منڈاتے ہی اولے پڑے : کسی کام کے شروع کرتے ہی اس میں خرابی ہو جانا
- شیر اور بکری ایک ہی گھاٹ میں پانی پیتے ہیں: عدل ا ور انصاف ہونا
- کوّا چلا ہنس کی چال اپنی بھی بھول گیا: سوچے سمجھے بغیر کسی کی پیروی کرنا
- گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے : دوست کی دشمنی سے بہت نقصان پہنچتا ہے
- ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا : بے ہنر حیلے بہانے کرتا ہے
- ایک لاٹھی سے سب کو ہانکنا: اچھے برے کی پہچان نہ کر نا
- تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی: لڑائی کی ساری ذمہ داریایک کی نہیں ہوتی
- نو سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی : ساری عمر گناہ کر کے آخر مین پارسا بن کر بیٹھ گئے
- ہاتھ کنگن کو آر سی کیا : ظاہر بات کو ثبوت کی ضرورت نہیں
- ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور : ظاہر و باطن یکساں نہیں
- یہ منہ اور مسور کی دال : کسی کام یا منصب کا اہل نہ ہونا
- یک جان دو قالب ہونا : گہری دوستی ہونا
- یک نہ شد دو شد :ایک عجیب بات کے بعد دوسری عجیب بات ہونا
- دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی : پورا پورا انصاف ہونا
- سوال گندم جواب چنا : سوال کچھ اور جواب کچھ اور
- اپنی گلی میں کتا بھی شیر ہوتا ہے: اپنے گھر میں کمزور بھی طاقتور ہوتا ہے
- الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے:اپنا قصور ہو اور دوسروں کو برا کہنا
- اونٹ کے منہ میں زیرہ: زیادہ کھانے والے کو کم چیز کھانے کو دینا