ہومدرس و تدریسکلامِ سحراشاعتتبصرےمیرے بارے میں

نثر نگار پر تبصرہ :۔۔مولانا الطاف حسین حالی ؔ ۔۔نثر نگار ، شاعر، تنقید نگار

تاریخ: September 8, 2026 مصنف: shakra زمرہ: تبصرے, درس و تدریس, مصنفین کے تعارف

نثر نگار پر تبصرہ :                      مولانا الطاف حسین حالی ؔ               نثر نگار ، شاعر، تنقید نگار    

؎      بخشا ہے اس نے نثر میں اک کیف ِزندگی

      رقصا ں ہے لفظ لفظ میں اک موج ِ زندگی

تعارف :      اردو ادب میں مولانا الطاف حسین حالی ؔ کا مقام بہت بلند ہے ۔اردو نثر اور نظم دونوں میں انہیں یکساں مقبولیت حاصل ہے ۔ حالی ؔ کی مقبولیت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ آپ دور ِ متوسطین اور دورِ جدید کے درمیان ایک مضبوط کڑی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔اسی لحاظ سے آپ کا کام  قدیم اور جدید کا امتزاج ہے ۔آپ سر سید کے فکری ساتھی تھے۔بر صغیر پر انگریزوں کے تسلط سے پیدا ہونے والے انتشار  ، پریشانی اور افراتفری  کی وجہ سے معاشرہ تنزلی کا شکار تھا۔ مایوسی ، نا امیدی ، سستی اور اخلاقی برائیاں پھیل رہی تھیں ۔اس نازک موقعے پر قوم کی اصلاح کا کام نہایت مشکل   تھا ۔حالی کی پر خلوص کاوشوں  سے کام ممکن ہوا۔ انہوں نے اردو ادب کی خدمت کے ساتھ ساتھ قوم کی اصلاح کی ذمہ داری بھی نبھائی ۔ حالیؔ کے کارنامے آئندہ نسلوں کے لئے قابل تقلید اور مشعلِ راہ ہیں ۔

حالی ؔ کی نثر نگاری کی خصوصیا ت

1 ۔ تنقید نگاری :    حالی ؔ کو اردو کا پہلا تنقید نگار مانا جاتا ہے  ۔آپ نے فنِ تنقید نگاری کو ایک نیا انداز بخشا اور اسے درست سمت میں ڈالا۔ ” مقدمہ شعر و شاعری “حالی ؔ کا ایک لازوال  کارنامہ ہے ۔ یہ در اصل  ” مسدس مدو جزر اسلام ” کا مقدمہ ہے ۔جسے بعد میں علیحدہ جداگانہ حیثیت حاصل ہوگئی ۔یہاں سے اردو ادب میں باقاعدہ اور باضابطہ تنقید نگاری کا آغاز ہوتا ہے ۔اسے ” تنقید کا پہلا صحیفہ ” بھی کہا جاتا ہے ۔ڈاکٹر شوکت کے مطابق :-

        ” ہماری شاعری دل والوں کی دنیا تھی ۔حالی ؔ نے مقدمہ لکھ کر اسے ذہن دیا “

2 ۔ سوانح نگاری :     اردو میں جدید سوانح نگاری کا بانی اگر حالی ؔ کو کہا جائے تو غلط نہ ہوگا ۔انہوں نے سوانح عمریوں کو ایک خاص نقطۂ نظر سے لکھا ۔” حیات ِ سعدی ” میں انہوں نے قوم کو ایک شاعر  اور معلم  سے روشناس کرایا ۔اسی طرح ” حیات ِ جاوید ” بھی ان کا بڑا کارنامہ ہے ۔ان کی سوانح نگاری کے سب معترف ہیں ۔بقول مولوی عبد الحق :-

        ” ہماری زبان میں یہ سوانح عمری کا مکمل اور اعلیٰ نمونہ ہے۔

3 ۔ مدعا نگاری  :             حالی ؔ کے پیش ِ نظر صرف  یہ بات ہوتی تھی کہ اپنی تحریروں کے ذریعے وہ اپنے مطلب و مدعا کی مکمل وضاحت کر سکیں ۔وہ اپنی تحریروں میں مبالغہ آرائی سے کام نہیں لیتے تھے۔  آپ نے جس موضوع پر قلم اُٹھایا اس میں رنگ آمیزی کو کم سے کم دخل تھا ۔وہ ایک سچے اور دیانت دار مدعا نگار تھے ۔بقول سید عبد اللہ :-

        ” حالی کو اپنے زمانے کا سب سے بڑا مدعا نگار کہا جا سکتا ہے ۔ “

4 ۔ سرسید کا اثر  :    عام تاثر یہ ہے کہ حالیؔ کی آواز دراصل سر سید کے خیالات ہیں ۔یہ بات کافی حد تک درست ہے ۔ وہ سرسید کے فکری ساتھی تھے ۔ان کا اسلوب بھی کافی حد تک سر سید سے مماثلت رکھتا ہے ۔لیکن حالی کے یہاں تنوع کم اور سادگی ذیادہ نظر آتی ہے ۔

5 ۔ مقصدیت  :      حالی ؔ کی تمام نثری کاوشوں میں مقصدیت سب سے نمایاں نظر آتی ہے ۔آپ کی تحریروں کی سادگی اور مقصد پر نگاہ سب سے مقدم ہے ۔ آپ کا سب سے پہلا مقالہ ” سرسید احمد خان اور ان کا کام ” تھا ۔

6 ۔ خلوص اور سچائی  :        حالی کی تحاریر بڑی پُر اثر ہیں ۔ اس کی بنیادی وجہ ان کے خیالات میں خلوص اور سچائی ہے ۔ وہ نیک نیتی سے مسلمانوں کے سچے خیر خواہ اور ہمدرد تھے ۔اس لئے  خلوص اور سچائی سے جو لکھا وہ دل میں اترتی محسوس ہوتی ہے ۔حالی ؔ کا اپنا شعر اس کا غماز ہے

7 ۔ مقالہ نگاری :     سر سید کے رسالے ” تہذیب الاخلاق سے ارردو مقالہ نگاری کی ابتدا ہوئی۔ اسی رسالے کی بدولت حالیؔ کو عزت و شہرت ملی ۔حالی ؔ کے مقالوں کا پہلا بنیادی مقصد سر سید کے نظریات کی تبلیغ اور ترجمانی تھا ۔موضوع کے اعتبار سے حالیؔ کے مقالات کو کئی حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے ۔جس میں مسلمانوں کے سیاسی ، سماجی ، معاشرتی ، معاشی ، صنعتی  اورتعلیمی  شعور کو بیدار کرنا اور تعلیم کو فرو غ دینا ہے ۔ان مقالات کا دوسرا حصہ ان کے تبصروں ، لیکچروں اور خطبات پر مشتمل ہے ۔

8 ۔ متنوع موضوعات :               حالی ؔ کی شخصیت کی طرح ان کے موضوعات میں بھی بہت تنوع ہے ۔اپنی تصنیفی ضروریات کے مطابق وہ اپنے اسلوب کو ڈھال لیتے تھے۔آپ وہ پہلے مصنف ہیں جنھوں نے ادبی ، سائنسی ، تنقیدی  اور  سوانحی ہر موضوع پر بڑی روانی اور  متانت سے لکھا ۔ قدیم روکھے پھیکے انداز کو وہ غیر معیاری قرار دیتے ہیں ۔

9 ۔ انگریزی الفاظ کا استعمال  :         سر سید اور ان کے رفقاء  نے شعوری طور پر اپنی تحریروں میں انگریزی  الفاظ کا استعمال کیا ۔اس طرح وہ انگریزی زبان سے اجنبیت کو ختم کرنا چاہتے تھے ۔  حالی ؔ کی تحریروں میں بھی یہ اثر نظر آتا ہے ۔

10 ۔ تعمیر شخصیت  :         حالی ؔ کا تعلق پانی پت کے  ایک علمی گھرانے میں ہوا ۔علم او ر اچھے ماحول کے زیر ِ اثر آپ کی شخصیت  میں بہت نکھار پیدا ہوا ۔آپ کی شخصیت کا یہ مثبت پہلو آپ کی تحاریر میں  بھی جھلکتا ہے ۔ آپ ایک پر جوش شخصیت کے مالک تھے ۔

11 ۔ حقیقت نگاری  :       حالی ؔ کی تحریریں حقیقت کی عکاس ہوتی ہیں ۔آپ نے کبھی غلط بیانی  ، مبالغہ آرائی یا جھوٹ سے کام نہیں لیا ۔وہ سر سید سے متاثر تھے ۔ مگر حقیقت نگاری کرتے ہوئے وہ  کہیں کہیں سر سید سے بھی اختلاف کر جاتے تھے۔

12 ۔ تحقیقی معیار :   حالی ؔ کی تحریریں ان کے تحقیقی  معیار کی بلندی کا منہ بولتا ثبوت ہی ں ۔عام طور پر شاعر یا انشاپرداز  اپنی تحریروں  میں تحقیق کی پرواہ نہیں کرتے ۔حالی نے جس موضوع پر بھی قلم اٹھایا اسے مستند بنانے کی پوری کوشش کی ۔

13 ۔ نثری کارنامے :        بہت کم ادیب ایسے ہوتے ہیں جو شاعرانہ حیثیت بھی رکھتے ہوں ۔حالی ؔ کو یہ خصوصیت حاصل تھی ۔ وہ نظم اور نثر دونوں میں نمایاں مرتبے پر فائز نظر آتے ہیں ۔ان کے نثری کانامے اردو ادب کا قیمتی سرمایہ ہیں ۔جنھیں واضح طور پر تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے ۔ 1۔ تنقید نگاری  ،      2 ۔ سوانح نگاری ، 3 ۔ مضمون

14 ۔ مضمون نگاری :          حالی ؔ کے مضامین جدید اردو ادب  کا سنگ ِ بنیاد ہیں ۔ سر سید نے انگریزی اخبارات کی طرز پر رسالہ ” تہذیب الا خلاق ” جاری کیا ۔جس میں حالی نے بھی اس طرز پر مضامین لکھے ۔

15 ۔ سادگی ِ بیان :  بیان کی سادگی حالی ؔ کی تحریروں کی ایک نمایاں خوبی ہے ۔مضمون کا موضوع جو بھی ہو ؛ آپ کے سادہ الفاظ دل میں اترتے چلے جاتے ہیں ۔یہی سادگی تھی جس نے لوگوں کے دلوں کو متاثر کیا ۔ایک نامور نقاد مہدی آفادی کہتے ہیں :-

        ” سر سید کے انداز کی  سب سے کامیاب  تصویر حالی ؔ تھے ۔

16۔تخیل کا حُسن  : بہ حیثیت شاعر حالی ؔ کا اندز بھی شاعرانہ تھا ۔آپ کی تحریروں میں سادگی ہونے کے ساتھ تخیل کی کار فرمائی بھی نظر آتی ہے ۔جس سے ان کی نثر میں دلکشی اور رعنائی پیدا ہو جاتی ہے ۔اسی تخیل کی بنا پر پُر جوش جذبے بھی نمایاں ہو جاتے ہیں ۔ 

نقادوں کی آراء

        پروفیسر آل احمد کے بقول :-

                ” حالی ؔ کے یہاں سر سید سے بھی ذیادہ نپا تُلا انداز نظر آتا ہے ۔”

        سید عبداللہ کہتے ہیں :-

                ” ہم حالیؔ کو اردو کا پہلا اولین حقیقت پسند  مدعا نگار اور صاحب طرز انشا پرداز  کا  خطاب دے سکتے ہیں ۔”

        مہدی افاد ی  کے مطابق :-

                “سر سید کے انداز کی سب سے کامیاب تصویر حالی ؔ ہیں ۔”

حاصل ِ تحریر

        مولانا حایؔ نے اردو ادب کو ایک کثیر سرمایہ فراہم کیا ۔ وہ سر سید کے دست ِ راست کہلائے ۔سر سید کی تحریک کی بدولت شعر و ادب میں جتنی تبدیلیاں آئیں وہ سب حالیؔ کی مرہون ِ منت ہیں ۔

        تنقید نگاری :     مقدمہ شعر و شاعری

        سوانح نگاری :    حیات سعدی ، حیات جاوید ، یادگار غالبؔ

        مضمون نگاری :   مقالات ِ حالیؔ

قومی شاعری :    مسدس مدو جزر اسلام

( تیار کردہ : شاکرہ کاظمی )

٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔٭۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔٭

 

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *