معاون فعل / امدادی فعل
عبارت میں معاون فعل کی تلاش
معاون فعل/امدادی فعل:
وہ فعل جو کسی جملے میں اصل فعل کی مدد کرے اور بات کو پُر زور اور مکمل کردے۔معاون فعل یا امدادی فعل کہلاتا ہے۔ اِس کی پہچان یہ ہے کہ یہ عموماََ اصل فعل کے بعد آتا ہے اور اس کے معنی میں وسعت پیدا کرتا ہے۔
مثال :
1۔ بچہ خوف سے چیخ پڑا۔ ( معاون فعل: پڑا)
2۔ ندیم معمولی بات پر بگڑ گیا۔ ( معاون فعل: گیا )
اقسام:
1۔کچھ معاون/ امدادی فعل جملے میں اپنے معنی نہیں دیتے۔
2۔ کچھ معاون/ امدادی فعل اصل فعل کے ساتھ مل کر کچھ نہ کچھ مفہوم بھی دیتے ہیں۔
1-لینا:
میں نے دوستوں کو شادی پر بلا لیا۔
2- دینا :
اسے باہر جانے دو ۔
3- سکنا :
وہ کئی زبانیں بول سکتا ہے ۔
4- جانا :
بری حرکتوں سے باز آ جاؤ ۔
5- بیٹھنا :
پرندے درخت پر جا بیٹھے ۔
6- پڑنا :
آندھی چلنے سے درخت گر پڑا ۔
7 – کرنا :
وہ اکثر یہاں آیا کرتا ہے ۔
8 – چاہنا :
کالج وقت پر پہنچنا چاہیئے ۔
9 – آنا :
چچا جان کو اسٹیشن چھوڑ آؤ ۔
10 – پانا :
وہ وقت پر کام نہ کر پایا ۔
11 – چکنا :
ندیم یہاں سے جا چکا ہے ۔
12 – رکھنا :
گلاس دھو کر رکھو ۔
13 – ڈالنا :
مالی نے سانپ کو مار ڈالا ۔
14 – چلنا :
اب طوفان تھم چلا ہے ۔
( لگنا ، اُٹھنا ، رہنا ، نکلنا ، ہونا )
عبارت میں معاون / امدادی فعل کی تلاش
1۔میں نے بھائی کی شادی پر دوستوں کو بُلا لیا۔ ( لیا )
2۔اُسے باہر جانے دو۔ (دو)
3۔کیا میں اندر آ سکتا ہوں؟ (سکتا)
4۔ وہ کالج سے چلا گیا۔ ( گیا)
5۔ پرندے درخت پر جا بیٹھے۔( بیٹھے)
6۔ اکبر کو بازار جانا پڑا۔ ( پڑا)
7۔ کیا تُم کھانا کھا کر آئی ہو؟ ( کر)
8۔ سلمان ہیاں آنا چاہتا ہے۔ (چاہتا)
9۔تُم بچے کو گھر چھوڑ آؤ۔ ( آؤ)
10۔دیکھو کوئی اندر نہ آنے پائے۔ ( پائے)
11۔کیا تُم کھانا کھا چُکی ہو؟ ( چُکی)
12۔گلاس دھو کر رکھو۔ ( کر )
13۔ اُس نے چھپکلی مار ڈالی۔ (ڈالی)
14۔ اَب طوفان تھم چلا ہے۔ ( چلا )
15۔وہ خوامخواہ رونے لگا۔ (لگا)
16۔ مُنّو کُتا دیکھتے ہی چیخ اُٹھا۔ ( اُٹھا)
17۔ جہاں جگہ ملتی ہے ، پڑے رہو۔ ( رہو)
18۔ وہ گھر سے ضروری سامان لے کر نکلا۔ ( رہو)
19۔ اُس نے منصوبہ پہلے ہی سے سوچا ہوا ہے۔( ہوا)
20۔ گاڑی نے کئی افراد کُچل ڈالے۔ (ڈالے)
21۔ زلزلہ آنے سے کھڑکیاں ہلنے لگیں۔ ( لگیں )
22۔ وہ اپنا کام مکمل کر چکا ہے۔ (چکا)
23۔ میں نے بنک سے رقم نکلوا لی ۔ ( لی)
24۔چودھری صاحب الیکشن جیت گئے۔ ( گئے)
مشق
1۔ میں کل یہاں سے چلا جاؤں گا۔
2۔وہ بہت اچھا کھانا بنا سکتی ہے۔
3۔ پہلوان نے مخالف کو زمین پر پٹخ دیا۔
4۔ رمشہ نے سالگرہ پر سب سہیلیوں کو بلا لیا۔
5۔ احمد فٹ بال کھیلتے ہوئے گر پڑا۔
6۔پولیس نے لڑکوں کو رات بھر تھانےمیں بٹھائے رکھا۔
7۔وہ اتنا دکھ نہ سہہ پایا۔
8۔میں وطن کی خاطر اپنی جان قربان کرنا چاہتا ہوں۔
9۔پاکستانی فوج دشمنوں پر ٹوٹ پڑی۔
10۔ بلی گاڑی کے نیچے کچلی گئی۔
11۔ہم جلدی چلے جائیں گے۔
12۔میرا گلا بیٹھا ہوا ہے۔
13۔میری کتاب واپس کردو۔
14۔تم اپنی چیزیں یہاں سے اُٹھا لو۔
15۔ہم ایک وادی میں جا نکلے۔
16۔کوّا دیوار پر جا بیٹھا۔
17۔ میں امدادی فعل والےجملے بنا سکتا ہوں۔
18۔ بوڑھا آدمی زمین پر گر پڑا۔
19۔ ہمالہ کے چشمے ابلنے لگے۔
20۔رضا چار گلاس پانی پی گیا۔
21۔جاہلوں کی صحبت سے پرہیز کیا کرو۔
22۔ندّی نالے بہہ رہے ہیں۔
23۔ راشد کو ائر پورٹ چھوڑ آؤ۔
24۔اندھیرا بڑھتا چلا گیا۔
( مرتب کنندہ : شاکرہ کاظمی )