BOOK REVIEW ۔ کتاب پر تبصرہ۔
کُلاہ بازیاں…از…ڈاکٹر محمد یونس بٹ
کتاب کا نام: کُلاہ بازیاں
مصنف : ڈاکٹر محمد یونس
صفحات کی تعداد : 061
پبلیشر: سنگِ میل پبلی کیشنز، لاہور
تبصرہ نگار: شاکرہ کاظمی
ڈاکٹر یونس بٹ کی تصانیف کی تعداد: 20
غُل دستہ، بٹ پارے، مزاحیات ، خندہ کاریاں ، خندہ زن، عکس بر عکس ، خندہ پیش آئیاں ، بٹ صورتیاں ، حوّائیاں ، جوک در جوک ، گھر مستیاں ، مزاح پُرسی ، بٹ تمیزیاں ، شناخت پریڈ ، شیطانیاں ، کُلاہ بازیاں ، تُو تُو میں میں ، افرا تفریح ، نوک جھوک ، مزاج بخیر۔
تعارف : لوگ کہتے ہیں کہ موسیقی روح کی غذا ہے۔لیکن میرے نزدیک مُسکراہٹ اور ہنسی روح کی غذا ہے۔یہ انسانی ذہن پر جمی تھکاوٹ اور پریشانی کی گرد کو جھاڑ کر اسے تروتازہ کر دیتی ہے۔دل میں شوخی کے غنچے کھلا دیتی ہے۔
معاشرے میں بڑھتی ہوئی نا انصافی ، بے چینی ، انتشار اور افراتفری نے لوگوں کے اعصاب کو شل کر دیا ہے۔ فکرِ معاش اور کئی گورکھ دھندوں میں الجھ کر وہ قدرتی بشاشت کھو بیٹھا ہے۔وہ خود اپنے لئے وقت نہیں نکال پاتا۔ ایسے اعصاب شکن ماحول میں شگفتہ اور طنزومزاح سے بھر پور تحریریں اکسیر کا کام کرتی ہیں۔ڈاکٹر محمد یونس بٹ کی یہ کتاب ” کُلاہ بازیاں” بھی اسی طرز کی کتاب ہے۔
اس کتاب میں زندگی میں پیش آنے والے مختلف حالات و واقعات اور کئی دوسرے موضوعات کو بڑے دلکش اور شگفتہ انداز میں پیش کیا ہے۔
کچھ مصنف کے بارے میں : ڈاکٹر محمد یونس بٹ کا شمار ہمارے ملک کے چند بہترین مزاح نگاروں میں ہوتا ہے۔آپ نے مزاح میں ایک الگ انداز اختیار کیا۔
پطرس بخاری، ابنِ انشاء، مشتاق یوسفی اور انور مقصودمزاح نگاری کے بڑے نام ہیں۔ ڈاکٹر محمد یونس بٹ کی تحریروں میں اکثر ان کا رنگ بھی جھلکتا ہے۔ ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے تقریباً زندگی کے ہر موضوع پر قلم اُٹھایاہے اور مزاح کے رنگ بکھیر دیئے ہیں۔…زندگی ایک بار ملتی ہے، اسے ہنس کر گزاردو یا رو کر… ڈاکٹر محمد یونس بٹ کی تحریروں کو پڑھ کر دل کی اداسی دور ہو جاتی ہے۔
کتاب پر تبصرہ : اس کتاب میں چالیس موضوعات پر قلم آزمائی کی گئی ہے۔جس میں سیاسی، علمی، گھریلو، عالمی غرض سب کا احاطہ کیا گیا ہے۔
٭- اس کتاب میں ڈاکٹر محمد یونس بٹ کی تحریر کی شگفتگی جا بجا نظر آتی ہے۔ انھوں نے ایک ہی لفظ کو کئی طرح سے استعمال کرکے شوخی بکھیر دی ہے۔جیسے
ایگری کلچر کو اینگری کلچر….” وہ کلچر جس پر سب ایگری کریں وہ ایگری کلچر ہے ، باقی سب اینگری کلچر ہے۔ اینگری کچر کی نمائش کے لئے فلمیں بنائی جاتی ہیں۔ہمارے ہاں ہیرو سے لے کر ہیرو کا گھوڑا تک سب اینگری ہوتے ہیں۔ہر کردار اینگری ہوتا ہے۔یہاں تک کہ فلم دیکھنے کے بعد بندے کو بھی یہی آتا ہے۔”
٭ – ایک جگہ ٹیکس اور فائن کے درمیان اس طرح رشتہ قائم کرتے ہیں ….” فائن وہ ٹیکس ہوتا ہے جو غلط کام کرنے پر لگتا ہے۔اور ٹیکس وہ فائن ہوتا ہے جو بہتر کام کرنے پر ادا کرنا پڑتا ہے۔”
٭ – انھوں نے مختلف الفاظ کےبہت دلچسپ انداز سے بخیے اُدھیڑے ہیں۔لفظوں کی اس طرح توڑ جوڑ کی ہے کہ اس کا دوسرا مطلب نکل آیا ہے۔کہیں صرف حرف کی تبدیلی سے معنی بدل دئیے ہیں۔اس کام میں انھیں ملکہ حاصل ہے۔جیسے:
گورنمنٹ کو غور منٹ…قرضِ حسنہ کو قرضِ ہنسنا …آب و ہوا کو آب و حوّا …دیوانِ خاص کو دیوانے خاص …توازن کو توا۔زَن …ایگری کلچر کو ایگری۔ کلچر یا اینگری کچر …اشتہارات کو اشتہا ۔ رات ۔
٭ – ڈاکٹر محمد یونس بٹ کی تحریروں میں بڑا لطیف مزاح پوشیدہ ہے۔جسے پڑھ کر قاری بے شک قہقہہ نہ لگائے لیکن مُسکرائے بغیر نہیں رہ سکتا۔ان کے چھوٹے چھوٹے جملوں میں خفیف سا مزاح پوشیدہ ہوتا ہے۔جیسے
*- ذیا بیطس وہ بیماری ہے جس میں انسان شوگر میں خود کفیل ہو جاتا ہے۔
*- ہم سمجھتے ہیں کہ بیمار ہونا ڈاکٹروں کی مالی مدد کرنا ہے۔
*- قرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی۔
*- کالج اس لئے بنائے گئے ہیں کہ طلباء کو جہالت کی تلاش میں مارا مارا نہ پھرنا پڑے۔
*- بڑے شہروں میں سانس لینا ایک ڈبی سگریٹ پینے کے مترادف ہے۔
*- پی آئی اے بڑی باجما ل سروس تھی اب با کمال سروس ہے۔عملہ جس مسافر کے ساتھ اچھی طرح پیش آئے تو مسافر گھبرا جاتا ہے کہ کہیں ان کو مجھ پر شک تو نہیں ہو گیا ہے۔
*- گھوڑوں کی دانش کا تو سب کو پتہ ہے۔ ریس میں بیس گھوڑے دوڑیں تو لاکھوں انسان انھیں دیکھنے نکل پڑتے ہیں۔جبکہ بیس بندے دوڑیں تو ایک گھوڑا بھی انھیں دیکھنے نہیں آتا۔
*- انگریزی فلموں سے غیر اخلاقی لفظ نکال دئے جائیں تو باقی خاموش فلمیں رہ جائیں گی۔جبکہ اگر ہماری فلموں سےبڑھکیں نکال دی جائیں تو باقی کیا بچے گا؟ کہا ” ٹائم بچے گا۔”
*- سلطان راہی کو انھوں نے بطور خاص موضوع بنایا ہے ۔ لکھتے ہیں کہ :- ہم نے سلطان راہی کی فلم پہلی بار دیکھی تو شرمندگی ہوئی۔کیونکہ ہمیں کہانی سمجھ نہیں آئی تھی۔دوسری بار دیکھی تو پھر شرمندگی ہوئی۔کیونکہ اب ہمیں کہانی سمجھ آچکی تھی۔
*- ایک بار بچے نے بیس سر درد کی گولیاں کھا لیں۔اس کی ماں اسے ڈاکٹر کے پاس لے گئی۔ڈاکٹر نے کہا ، پریشانی کی کوئی بات نہیں، سلطان راہی کی دو فلمیں دکھائیں، افاقہ ہوگا۔
*- سنسر والے فلم کے وہ حصے جو ہمارے دیکھنے والے ہوتے ہیں ، خود دیکھ لیتے ہیں بلکہ کاٹ کر لے جاتے ہیں۔
*- ٹیچری اچھا پروفیشن ہے۔مگر اس میں مسئلہ یہ ہے کہ کبھی کبھی کلاس لینا پڑتی ہے۔ایسے ہی کلاس روم اچھی جگہ ہے، بس وہاں پڑھایا نہ جائے۔ اگر پڑھایا جائے تو امتحان نہ ہوں۔چلو امتحان بھی ہوں مگر نتیجہ نہ نکلے۔
*- ایک ملک میں دو حکمران نہیں رہ سکتے۔اس پر ہمارے شاعر دوست نے کہا، ہو کیوں نہیں سکتے؟…میری اپنی دو بیویاں ہیں۔
*- ہمارے ہاں تو پولیس کا آدھا کام بلکہ آدھی پولیس کا کام حکمرانوں کو عوام سے بچائے رکھنا ہے۔ حکمران گزر رہے ہوں تو پولیس والے آگے پیچھے دائیں بائیں ہر طرف موجود ہوتے ہیں۔ایک غیر ملکی نے پوچھا کس لئے؟…بتایا…حکمرانوں کی حفاظت کے لئے…تو غیر ملکی بولا…یہ ایست کام کرتے ہی کیوں ہیں کہ جس کی وجہ سے انھیں عوام سے اتنا بچا کر رکھنے کی ضرورت پڑے۔
*- ہمارے خیال میں بچہ ہر عمر کا ہو سکتا ہے۔بڑھاپا تو ہے ہی دوسرا بچپن۔بس فرق یہ ہے کہ بچپن کے دن مختصر اور سال طویل ہوتے ہیں۔جبکہ بڑھاپے میں دن طویل اور سال مختصر ہونے لگتے ہیں۔
حرفِ آخر : ڈاکٹر محمد یونس بٹ کی کتاب ” کلاہ بازیاں ” ایک دلچسپ کتاب ہے۔اس کے جملے اتنے پُر مزاح اور شگفتہ ہیں کہ اسے کئی بار پڑھا جاسکتا ہے۔
اور ہر مرتبہ پہلے سے زیادہ لطف آتا ہے۔ ان کی شگفتہ تحریر تھکے ذہنوں کے لئے دوا کا کام کرتی ہے۔
شاکرہ کاظمی
———-