غزل 



وہ جب آیئنہ دیکھے گا اُسے میں یاد آؤں گی
کوئی بھی لفظ لکھے گا اُسے میں یاد آؤں گی
بہت مداح تھی میں اُس سخن ور کے خیالوں کی
وہ جب بھی شعر لکھے گا اُسے میں یاد آؤں گی
سراپائے غزل بن کر غزل اُس کی میں سُنتی تھی
“غزالاں” جب بھی لکھے گا اُسے میں یاد آؤں گی
لگامیں وقت کی تھامے سفر انجان راہوں پر
قدم وہ جب اُٹھائے گا اُسے میں یاد آؤں گی
بہت مصروف دکھلائے گا سب کے سامنے خود کو
مگر جلوت میں خلوت میں۔ اُسے میں یاد آؤں گی
میں آگاہ ہوں حقیقت سے مگر رہتی ہے خوش فہمی
وہ مجھ سے پیار کرتا ہے اُسے میں یاد آؤں گی
قدر کرتے ہیں بعد از مرگ دستورِ زمانہ ہے
سحؔر وہ پھر پُکارے گا اُسے میں یاد آؤں گی