ہومدرس و تدریسکلامِ سحراشاعتتبصرےمیرے بارے میں

مقالہ :نوجوانٍ۔۔۔اقبالؔ کی امید کا مرکز

تاریخ: October 2, 2026 مصنف: shakra زمرہ: اشاعت, تبصرے, مقالہ جات

 

 

 

 

نوجوان ۔۔۔ اقبالؔ کی امید کا مرکز

؎ : نہ ہو جلال تو حُسن و جمال بے تاثیر

نِرا نفس ہے اگر نغمہ ہو نہ آتش ناک

کہتے ہیں کہ جب خدا کسی قوم پر اپنا عذاب نازل کرنے کا ارادہ کرتا ہےتو اس قوم میں موجود عظیم ہستیوں کو وہاں سے اُٹھا لیتا ہے۔اسی طرح جب کسی قوم کو نوازنا چاہتا ہےتو وہاں قائد اعظم اور اقبالؔ جیسی عظیم ہستیوں کو پیدا کرتا ہے۔

شاعر مشرق نے اپنی شاعری میں بالعموم پسی ہوئی انسانیت اور بالخصوص مسلمان نوجوانوں کو مخاطب کیا ہے۔ ان کے اندر شعور بیدار کیا کہ وہ اپنے اندر عقابی روح بیدار کریں اور اس معاشرے میں اپنا بلند و بالا مقام حاصل کریں۔جن کے وہ در حقیقت مستحق ہیں۔

؎: عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں

نظر آتی ہے اس کو اپنی منزل آسمانوں میں

اقبالؔ انسانیت کے نقیب تھے۔ وہ اپنی شاعری میں خاص طور پر نوجوانوں سے مخاطب ہوئے۔ وہ جانتے تھے کہ یہ نوجوان ہی دراصل ہمارے روشن اور درخشاں مستقبل کے نمائندے اور وارثِ حقیقی ہیں۔  قوم کو ان ہی کے کاندھوں پر سفر کرنا ہے اور معراج کی منازل کو طے کرنا ہے۔ 

؎: محبت مجھے ان جوانوں سے ہے

ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند

اقبال اپنے نوجوانوں کو انتہائی مُدبّر، مفکر، پُر عزم، بے مثال کردار کا حاملاور حرکت و عمل کا پیکر دیکھنا چاہتے تھے۔ انھیں اس بات کا شدت سے احساس تھا کہ انسان جو قدرت کا عظیم شاہکار ہے وہ اپنے مقام و عظمت سے آگاہ نہیں۔ وہ نوجوانوں کو اس بات کا احساس دلانا چاہتے ہیں کہ وہ ایک کارِ عظیم کے لئے دنیا میں بھیجے گئے ہیں۔ 

؎: آہ ! اے رازِ عیاں کے نہ سمجھنے والے

حلقۃ دامِ تمنّا میں اُلجھنے والے

ہائے غفلت کہ تری آنکھ ہے پابندِ مجاز

ناز زیبا تھا تجھے، تو ہے مگر گرمِ نیاز

تو اگر اپنی حقیقت سے خبردار رہے

نہ سیہ روز رہے پھر ، نہ سیہ کار رہے

اقبالؔ اپنے کلام میں ہر دور کے نوجوان سے مخاطب ہیں۔نوجوان اقبالؔ کی اُمید کا مرکز تھے۔ ان کی فکر میں نوجوانوں کی تربیت کو خاص مقام حاصل ہے۔ اپنے کلام میں وہ جا بجا نوجوانوں کو نصیحت کرتے نظر آتے ہیں۔ 

؎: کاٹ لینا ہر کٹھن منزل کا کچھ مشکل نہیں

اِک ذرا انسان میں چلنے کی ہمت چاہیئے

مِل نہیں سکتی نکموں کو زمانے میں مُراد

کامیابی کی جو خواہش ہو تو محنت چاہیئے

ہنس کے ملنا رام کر لیتا ہے ہر انسان کو

سب سے میٹھا بولنے کی تم کو عادت چاہیئے

ہے برائی سی برائی کام کل پر چھوڑنا

آج سب کچھ کر کے اُٹھو گر فراغت چاہیئے

اقبالؔ نوجوانوں میں شاھین جیسی صفات پیدا کرنا چاہتے تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ ان کی فکر کی پرواز بہت بلند ہو۔زندگی کے اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے وہ جدوجہد کریں اور کامیابی کی بلندیں پر پہنچ جائیں۔ 

؎: ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں

ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں

تہی زندگی سے نہیں یہ فضائیں

یہاں سینکڑوں کارواں اور بھی ہیں

قناعت نہ کر عالمِ رنگ و بُو پر

چمن اور بھی آشیاں اور بھی ہیں

تو شاھیں ہے پرواز ہے کام تیرا

ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں

اسی روز و شب میں اُلجھ کر نہ رہ جا

کہ تیرے زمان و مکاں اور بھی ہیں

کہیں اقبالؔ نوجوانوں کو بُری صحبت سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہیں کی بُری صحبت انسان کے خیالات و کردار پر برا اثر ڈالتی ہے۔ 

؎: نہ ہوئی زاغ میں پیدا بلند پروازی

خراب کر گئی شاھیں بچوں کو صحبتِ زاغ

کہیں شاھین و کرگس کی مثال کے ذریعے نوجوانوں کو غیرت مندی کا درس دیتے ہیں

؎: نگاہِ عشق دلِ زندہ کی تلاش میں ہے

شکارِ مُردہ سزاوارِ شاہ باز نہیں

؎: پرواز ہے دونوں کی اسی ایک جہاں میں

شاھیں کا جہاں اور ہے کرگس کا جہاں اور

اقبالؔ نوجوانوں میں بصیرت اجاگر کرنے کے خواہاں تھے۔ وہ انھیں دور اندیش دیکھنا چاہتے تھے۔غلامی، جہالت و پستی اور کم ہمتی جیسی بد حالی  میں یہ دور اندیشی اور تیز نگاہی باقی نہیں رہتی۔ 

؎: فیضِ فطرت نے تجھے دیدۃ شاھیں بخشا

جس میں رکھ دی ہے غلامی نے نگاہِ خفاش

اپنی نظم ” خطاب بہ جوانانِ اسلام ” میں بڑی دردمندی سے اقبالؔ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہےاور نوجوانوں کو دعوتِ فکر دی ہے۔

؎: کبھی اے نوجواں مسلم! تدبر بھی کیا تُو نے

وہ کیا گردوں تھا تُو جس کا ہے اِک ٹوٹا ہوا تارا

تجھے اُس قوم نے پالا  ہے آغوشِ محبت میں

کچل ڈالا تھا جس نے پاؤں میں تاجِ سرِ دارا

گنوا دی ہم نے جو اسکاف سے میراث پائی تھی

ثُریا سے زمیں پر آسماں نے ہم کو دے مارا

اقبالؔ فرقہ بندی اور  نفاق کے سختت خلاف تھے۔وہ چاہتے تھے کہ نوجوانوں کے کسی قول و فعل سے کسی کا دل نہ دُکھے۔ متحد ہو کر وہ اپنی صلاحیتوں کا مثبت استعمال کریں۔

؎: وا نہ کرنا فرقہ بندی کے لیے اپنی زباں

چھُپ کے ہے بیٹھا ہوا ہنگامۃ محشر یہاں

وصل کے اسباب پیدا ہوں تری تحریر سے

دیکھ! کوئی دل نہ دُکھ  جائے تری تقریر سے

وہ حق بات کہنے اور راہِ عمل  پر گامزن رہنے کی  تلقین کرتے نظر آتے ہیں ۔علاوہ ازیں وطن کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار رہینے کا درس دیتے ہیں۔

اقبالؔ کی شاعری زندہ شاعری ہے۔یہ ہر دور کی شاعری ہے۔آج بھی مسلمانوں کو کلامِ اقبالؔ پڑھنے، سمجھنے اور اس کی نصیحتوں اور پیغام پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم بحیثت مسلمان  قوم تمام رنگ و نسل، ذات پات، امیر غریب اور تمام تفریق مٹاتے ہوئے اجتماعی طور پر ملّتِ اسلامیہ کی بھلائی اور بہتری کے لئے ٹھوس قدم اُٹھائیں۔

کلامِ اقبال کو محض درسی کتب میں شامل کرنا کافی نہیں ہے۔بلکہ اس کے اندر چھپے ہوئے پیغام کے ذریعے نوجوانوں میں عقابی روح بیدار کنے کی ضرورت ہے۔ ملک ومعاشرے کی بہتری کے لیے کلامِ اقبال کے خطوط پر ان کی رہنمائی اور تربیت کرنی چاہیئے۔ 

؎: جگر سے وہی تیر پھر پار کر

تمنّا کو سینوں میں بیدار کر

جوانوں کو سوزِ جگر بخش دے

میرا عشق میری نظر بخش دے

ناتمام

( شاکرہ کاظمی ) 

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *