آپ بیتی/خود نوشت سوانح عمری
تعریف :
آپ بیتی سے مراد خود نوشت سوانح عمری ہوتی ہے۔ انگریزی میں اسے آٹو بائیو گرافی کہتے ہیں۔ اس میں کوئی شخص اپنی زندگی کے واقعات ، تجربات اور مشاہدات بیان کرتا ہے ۔ یہ اس کے احوال زندگی کی عکاسی کرتی ہے۔ آپ بیتی لکھنے والا وہ حالات و واقعات اور جذبات بھی بیان کرتا ہے جس سے کوئی آگاہ نہیں ہوتا۔
آپ بیتی کی دو اقسام ہوتی ہیں۔
1۔ حقیقی آپ بیتی
2۔ غیر حقیقی یا فرضی آپ بیتی
امتحانی نقطۂ نگاہ سے آپ بیتی جان دار ، بے جان یا غیر انسانی چیزوں کو متکلم جان کر ان کی زبان میں لکھی جاتی ہے ۔ اس میں تخیل سے کام لے کر جدّت و نُدرت پیدا کی جاتی ہے۔ اِسے ” فرضی آپ بیتی“ کہتے ہیں ۔
ہدایات
- آپ بیتی صیغۂ واحد متکلم میں لکھی جاتی ہے
- آپ بیتی لکھنے سے پہلے ذہن میں ایک خاکہ تیار کرلیں ۔
- واقعات کی تفصیل کا ایک داسرے سے ربط برقرار رکھیں ۔
- مرحلہ وار واقعات بیان کریں۔
- ابتدا ، عروج ، زوال ، امید ، مایوسی ، خیالات و جذبات ، جوش و ولولہ ، امنگ اور آرزوؤں جیسے جذبات کا بھی اظہار کریں ۔
- آپ بیتی کا انداز سادہ مگر دلچسپ ہونا چاہیئے۔
- گرد و پیش کے ماحول کا گہرا مشاہدہ ، وسیع ذخیرۂ معلومات او رتخیل کی بلندی ہونی چاہیئے۔
- دلچسپی کا عنصر برقرار رہے۔
- آپ بیتی معیاری ہو اور ذیادہ طویل نہ ہو ۔
- جس کی آپ بیتی لکھیں اس کی خوبیوں اور خامیوں سے واقف ہوں ۔
- واقعات کو مدِ نظر رکھ کر انجام لکھیں ۔
- واقعات فطری ہونے چاہیئں۔
- موقع محل کی مناسبت سے اشعار بھی لکھے جا سکتے ہیں ۔
آپ بیتی کے لیے اہم عنوانات
- ایک سپاہی ، ٹریفک پولیس ، چرسی ، سیاسی لیڈر ، مولوی ، مریض ، ڈاکٹر ، دکان دار ، ماہی گیر ، رکشہ ڈرائیور ، مالی ، حجام ، چوکیدار، ریٹائرڈ سرکاری افسر ، استاد یا نوکر کی آپ بیتی۔
- ایک پھول ، درخت ، باغ ، پھٹا جوتا ، پرانا کوٹ ، ٹوٹی ہوئی کرسی ، قلم ، کھنڈر وغیرہ کی آپ بیتی۔
- لنگڑے گھوڑے ، مُرغی ، چڑیا گھر کے شیر ، پالتو کتا ، شاھین یا لومڑی وغیرہ کی آپ بیتی۔
- کسی عید کارڈ ، اخبار ، کتاب ، قرآن مجید ، پھٹا ہوا نوٹ یا رسالہ وغیرہ کی آپ بیتی۔
خالی جگہیں
- کسی شخص کا اپنے حالات ِ زندگی کو خود رقم کرنا آپ بیتی کہلاتا ہے ۔
- آپ بیتی کسی شخصیت کی خارجی اور داخلی زندگی کی بہترین عکاس ہوتی ہے ۔
- آپ بیتی کی دو اقسام ہوتی ہیں۔
- آپ بیتی ہمیشہ صیغۂ واحد متکلم میں لکھی جاتی ہے۔
- آپ بیتی میں جملے مختصر ، سادہ اور شگفتہ ہونے چاہئیں۔
( مرتب کنندہ : شاکرہ کاظمی )