HOW TO TEACH PROSE
اردو نثر کیسے پڑھائی جاتی ہے
نثر کی تعریف
نثر دراصل عربی لفظ ہے۔جس کے لغوی معنی بکھیرنے یا چھڑکنے کے ہیں۔اصطلاح میں کلامِ غیر موزوں کو ’’نثر‘‘ کہتے ہیں۔نثر میں نظم کی طرح الفاظ مختصر نہیں ہوتے بلکہ منتشر ہوتے ہیں۔ نثری تحریر میں پھیلاؤ ، بکھراؤ اور تفصیل ہوتی ہے۔یہ الفاظ کو جملوں میں پروئے ہوئے موتیوں کی مانندسلسلے وار رقم کی جاتی ہے۔
اردو اصناف نثر کا تعارف
نثر ایک ذریعہ ترسیل ہی نہیں بلکہ صنفی و ادبی حیثیت بھی رکھتی ہے۔زبان و ادب میں نثر دو انداز سے مستعمل ہے۔
۱ ۔ افسانوی نثر
۲۔غیر افسانوی نثر
افسانوی نثر
افسانوی نثر میں رومانوی فضا، ڈرامائی عنصر و انداز اور افسانوی روح حاوی ہوتی ہے۔یہ نہ صرف قاری کے ذہن و فکر کو متاثر کرتی ہے بلکہ اس کے ذوقِ جمال اور جذباتی کیفیتوں کو بھی مہمیز کرتی ہے۔اس میں تمثیلی انداز، علامتی اسلوب اور استعاراتی زبان استعمال ہوتی ہے جونثر کو خوبصورتی اور دلکشی عطا کرتی ہے۔افسانوی نثر کا اطلاق اِن اصناف پر ہوتا ہے۔
داستان، ناول، افسانہ، ڈرامہ
غیر افسانوی نثر
نثر کا اطلاق کسی بھی تحریر پر کیا جا سکتا ہے، خواہ یہ تحریر کسی دستاویز کی شکل میں ہو یا خط کی شکل میں ۔ غیر افسانوی نثر میں حقیقی، مادی اور فلسفیانہ مباحث پیش کئے جاتے ہیں۔مسائل و حقائق کے ساتھ سیاسی و سماجی امور، سائنسی علوم اور اقتصادی موضوعات بڑی خوبی سے پیش ہوتے ہیں۔اِس میں ادبی فکر بھی کار فرما ہوتی ہے، جو اس میں دلکشی پیدا کرتی ہے۔اس میں فکر و خیال کا براہِ راست اظہار کیا جاتا ہے، منطقی اور توضیحی انداز اختیار کیا جاتا ہے۔ اسی لئے یہ علم و معلومات میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔الجھاؤ اورشک شبہات دور کرتے ہیں۔غیر افسانوی نثر کا دائرہ بہت وسیع ہے۔اس کی مختلف اقسام ہیں۔غیر افسانوی نثر کی اقسام
۱۔ خاکہ
۲۔سوانح
۳۔خود نوشت
۴۔ سفر نامہ
۵۔رپور تاز
۶۔ خطوط
۷۔روز نامچہ
۸۔انشائیہ
۹۔ یاد داشت {DLOs}تدریس ِ ا ردو کے مقاصد
۱۔ اردو زبان و ادب سے واقفیت
۲۔اردو پڑھنے ، لکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرنا
تدریسِ نثر کے مقاصد
۱۔ طلبأ کو اصنافِ نثر سے واقف کروانا
۲۔ طلبا میں اردو کو درست تلفظ ،اتار چڑھاؤ، مناسب ٹھہراؤ سے پڑھنے کی صلا حیت پیدا کرنا
۳۔طلبأ کے ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ کرنا
۴۔طلبأ میں پڑھے ہوئے متن کو سمجھنے ، اپنے خیالات کا اظہار کرنے اوررائے دینے کے قابل بنانا
نثر پڑھانے کا طریقہ
۱۔ہر صنف کو اس کے مطلوبہ انداز سے پڑھایا جائے
۲۔اس صنف کا مختصر تعارف پیش کیا جائے
۳۔مصنف کا مختصر تعارف پیش کیا جائے
۴۔سبق کا مختصر تعارف پیش کریں
۵۔ پہلےمعلمہ خود مثالی بلند خوانی کریں ، بعد ازاں طلبأ سے تقلیدی بلند خوانی کروائیں
۶۔ ہر طالب علم کو مناسب وقت دیں۔کمزور طلبأ پر خصوصی توجہ دیں
۷۔نئے الفاظ کے معنی بتائیں اور لکھوائیں گی
۸۔پڑھائے گئے متن کی مناسب وضاحت کریں
۹۔اہم معلومات نوٹ بک پر لکھواتے جائیں
۱۰۔درمیان میں مختصر سوال بھی پوچھتے جائیں تا کہ تمام طلبأ کو متوجہ ر ہیں
۱۱۔ اختتام پر دی گئی تمام معلومات میں سے چند اہم سوالات طلبأ سے دوبارہ پوچھیں
گھر کا کام
مشقی سوالات طلبأ کی مدد سے زبانی حل کروائیں۔چند اہم سوالات کے جوابات خود لکھوائیں ۔باقی سوالات کے جوابات انہیں خود لکھنے کو دیں، جسے وہ دو یا تین دن میں مکمل کرکے دکھائیں۔
شاکرہ کاظمی