ہومدرس و تدریسکلامِ سحراشاعتتبصرےمیرے بارے میں

مضمون / لیکچر : شیرینیِ زبان

تاریخ: October 22, 2026 مصنف: shakra زمرہ: اشاعت, لیکچرز, مضامین

مضمون/لیکچر: شیرینیِ زباں

؎: قدرت کو ناپسند ہے سختی زبان میں

رکھی نہ اس لئے کویئ ہڈی زبان میں

ربِ ذوالجلال کی عطا کردہ نعمت ” زبان” انسان کے لئے ایک بہت بڑا انعام ہے ۔ لیکن انسان اس کی ضرورت ، استعمال  اور اہمیت سے نا آشنا ہے۔ اسی لئے وہ اس کا درست استعمال نہیں کرتا ۔اسے اس نعمت کا ادراک نہیں ہے۔اسی لئے وہ اس کا شکر ادا نہیں کرتا ۔اس نعمت کی قدر اس سے پوچھیئے جو اس سے محروم ہے۔  وہ اپنے دل کی بات زبان پر نہیں لا سکتے، اپنے جذبات کا اظہار نہیں کر سکتے۔بتیس 32 پہرے داروں کے درمیان گوشت کا یہ ایک چھوٹا سا ٹکڑا ربِ کریم کی بہت بڑی نعمت ہے۔ہم اسے بنا سوچے سمجھے  نامناسب باتوں میں استعمال کرتے ہیں۔ اسے کسی کے دل میں گھر کرنے کی بجائے لوگوں کا دل دُکھانے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔یہ انسا ن پر منحصر ہے  کہ اسے شیریں بنائے یا تلخ۔وہ چاہے تو اس سے پُر اثر، قیمتی اور دل موہ لینے والی  گفتگو کر سکتا ہے۔ یہ اسی زبان کے کرشمے ہیں کہ وہ دوست کو دشمن اور دشمن کو دوست بنا دیتی ہے۔یہ بڑے بڑے کارنامے کروا سکتی ہے۔کسی کو قائل کر سکتی ہے۔اپنا گرویدہ بنا سکتی ہے۔لیکن ذرا سی غلطی یا بد احتیاطی سے جانی دشمن بھی بنا سکتی ہے۔

        ہماری زبان اللہ کی امانت ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ اسے رضائے الٰہی  کے لئے استعمال  کیا جائے۔ضروری گفتگو کی جائے اور غیر ضروری  گفتگو سے پرہیز کیا جائے ۔کیونکہ جب انسان زیادہ بولتا ہے تو کبھی کبھار فضول اور نامناسب بول جاتا ہے۔زبان اس کے قابو میں نہیں رہتی اور وہ کچھ ن کچھ گڑ بڑ کر ہی جاتا ہے۔اس طرح انسان گناہوں میں بھی مبتلا ہو سکتا ہے۔ اس لئے اسے چاہیئے کہ ضرورت کے مطابق بولے، مختصر  اور مطلب کی بات کرے۔ بلا وجہ گفتگو کو طول نہ دے۔ ” پہلے تولے، پھر بولے “۔

جب انسان سوچ سمجھ کر بات کرے گا تو پھر یہ زبان قابو میں آجائے گی۔ نبیِ مکرم ﷺ کی بھی یہی تعلیمات تھیں کہ زبان سوچ سمجھ کر استعمال کی جائے۔ اگر کوئی اچھی بات کہنی ہو تو کہے  ورنہ خاموش رہنا بہتر ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ ضرورت ہو تو بات کی جائے  اور کام کی بات کی جائے۔ہر وقت کچھ نہ کچھ بولتے رہنا درست نہیں ہوتا۔ اس طرح انسان کے وقار میں کمی آتی ہے۔جب ہم با مقصد گفتگو کریں گے ، ہمارا لہجہ شیریں ، اسلوب سلجھا ہوا، انداز نرم ، آواز درمیانی اور موضوع کی مناسبت سے ہوگی تو لوگوں کے درمیان ہماری قدر و منزلت اور احترام میں اضافہ ہوگا۔اخلاقِ حسنہ میں ایک اہم عنصر اندازِ گفتگو بھی ہے۔

        علاوہ ازیں ہماری گفتگو چاپلوسی اور خوشامد جیسی آلائشوں سے پاک ہونی چاہیئے۔ اپنے مرتبے اور حیثیت سے گری ہوئی کوئی بات نہ کی جائے۔اپنی عزتِ نفس کا خیال رہے۔

لوگ اکثر زبان کے استعمال میں غیر محتاط ہی رہے ہیں۔اسی لئے وہ پریشانیوں کا شکار رہتے ہیں۔ان کے آپس کے تعلقات کشیدہ ہوجاتے ہیں۔ایسی باتیں لوگوں کی دل آزاری کا سبب بنتی ہیں۔بڑے بڑے ہنگاموں اور فسادات  کو جنم دیتی ہیں۔لوگ ایک دوسرے سے کھنچے کھنچے سے رہتے ہیں۔

اگر ہم اپنی زبان قابو میں کر لیں ، بری باتوں سے اپنی زبان آلودہ نہ کریں، کسی کی برائی یا چغلی نہ کریں، لگائی بجھائی نہ کریں، شکایتیں نہ لگائیں، کسی کا مذاق نہ اُڑائیں، نقلیں نہ اتاریں، اپنی بڑائی نہ جتائیں، کٹ حجتی نہ کریں، کسی پر فقرے نہ کسیں، طعنہ نہ دیں ، طنز نہ کریں، کسی کو بُرے نام سے نہ پکاریں،فضول باتوں سے گریز کریں، جھوٹے وعدے نہ کریں، گالم گلوچ نہ کریں، بات بات پر قسم نہ کھائیں، ہمیشہ سچ اور انصاف کی بات کریں تو ہمارے نوّے فی صد ٪90 مسائل از خود حل ہو جائیں گے۔

         ہمارا معاشرہ زبان کی اس بیماری اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل  اور گناہوں میں مبتلا ہے۔زبان کے غلط استعمال کی وبا میں آج کل سب ہی مبتلا ہیں۔ دوستوں کی گپ شپ کی محفلوں میں مبالغہ آمیزی، جھوٹ، غیبت، مذاق اُڑانا،گالیوں کا استعمال  بڑھتا جارہا ہے۔

         بہت ضروری ہے کہ ہم اپنی اپنی زبان کو قابو میں رکھیں ۔کسی اور کو دیکھنے کی بجائے آغاز خود اپنی ذات سے کریں۔اپنی زبان پر تالا ڈالیں۔

معاشرتی تعلقات میں زبان  یعنی گفتگو کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔اگر زبان کے استعمال میں تعلیماتِ اسلامی کے عین مطابق  آدابِ گفتگو کا خیال رکھا جائے  تو معاشرے کی اکثر برائیاں خود ہی ختم ہو جائیں گی۔حدیثِ نبوی ﷺ ہے:-

” مسلمان وہ ہے جس کی ہاتھ  اور زبان سے دوسرا مسلمان محفوظ رہے”

گویا زبان کی حفاظت دین کی حفاظت ہے۔آدھا دین زبان کے اندر ہے۔ آدھے گناہ زبان سے ہوتے ہیں۔لہٰذا اس خطرناک چیز کی حفاظت بہت ضروری ہے۔مشہور قول ہے کہ :-

” تلوار سے لگا زخم مندمل ہو سکتا ہے لیکن زبان سے لگا زخم کبھی نہیں بھرتا”

اس بات کی سچائی سے انکار نہیں کہ ہمیں گفتگو کے آداب کو ملحوظِ خاطر رکھنا چاہیئے۔جن میں مختصر اور بامقصد بولنا، جھوٹ سے بچنا اور سچ بولنا، سخت بات سے پرہیز اور نرمی سے بات کرنا، گندی باتوں سے بچنا اور شائستہ گفتگو کرنا، جاہل لوگوں سے نہ الجھنا، ہر ایک کو عزت دینا کسی کا مذاق نہ اڑانا، دوسروں کی گفتگو میں مداخلت نہ کرنا، ہر بات کا سوچ سمجھ کر جواب دینا، سب کی بات توجہ سے سننا، دورانِ گفتگو عمر مرتبے اور تعلق کا خیال کرنا،چھپ کر کسی کی بات نہ سننا،کسی دوسرے کی جانب اشارہ نہ کرنا، خود کم بولنا اور دوسروں کو بھی بولنے کا موقع دینا    شامل ہیں۔

” مومن کا تکلم تامّل کے ساتھ ہوتا ہے”

زبان جنت کی بہاریں دکھا سکتی ہے اور دوزخ کی سختیاں بھی۔اسے قابو میں رکھنے کی ضرورت ہے۔جو انسان اپنی زبان قابو میں رکھتا ہے وہ کئی برائیوں سے بچ جاتا ہے۔انسان کا سارا جسم اس کی زبان کے تابع ہوتا ہے۔اسی زبان کی وجہ سے ہم مصیبت میں پھنس جاتے ہیں۔جب قیامت کے دن اللہ تمام اعضاء کو قوتِ گویائی عطا کرے گا ۔

ہمیں خود کو اپنی زبان کے فتنوں سے بچانا چاہیئے۔اللہ ہمیں اس میں کامیابی عطا فرمائے۔آمین۔

شاکرہ کاظمی  

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *