ہومدرس و تدریسکلامِ سحراشاعتتبصرےمیرے بارے میں

لیکچر : معلمانہ خصوصیات Pedagogical skills( Art of teaching)

تاریخ: October 10, 2026 مصنف: shakra زمرہ: اشاعت, لیکچرز

لیکچر : معلمانہ خصوصیات

PEDAGOGICAL SKILLS (Art of teaching)

تعارف : معلم  ایک بہت قابلِ عزت اور اہم پہشہ ہے۔ ہر دور میں اس کی بہت ضرورت  اور اہمیت ہوتی ہے۔ معلم نسلوں کی تعمیر کرتا ہےاور قوموں کی تعمیر کرتا ہے۔ملک کا مستقبل ان کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔اسی لئے یہ پیشہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس پر خصوصی توجہ  کا متقاضی ہے۔ایک معلم کو اپنا سبق دلچسپ اور مؤثر بنانے کے لئے بہترین  طریقئہ کار کا انتخاب کرنا ہوگا۔ نئی راہیں اور نئے انداز اختیار کرنے ہونگے۔اس میں نکھار لانے کے لئے نیا پن کرنا ہوگا۔اگر طلبا سبق میں دلچسپی کا  اظہار نہ کریں تو خود سے سوال کریں کی آخر ایسا کیوں ہے؟اپنے تدریسی مواد اور طریقہِ تدریس کا از سرِ نو جائزہ  لے،مستند اور نئی معلومات کو شامل کرے، طریقے کو موضوع کے اعتبار سے تبدیل کرے۔ آپ کا رویّہ، انداز، طریقہِ تدریس اور تدریسی مواد مستند اور مکمل ہو  تاکہ آپ کا پڑھایا ہوا طلباء کو اچھی طرح سمجھ آجائے اور وہ بے چینی سے آپ کے پیریڈ کا انتظار کریں۔

کلاس میں جاتے ہوئے معلم کو کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے :  اپنی کلاس میں جانے سے پہلے اپنا جائزہ لیں۔

1۔آپ کیسے لگ رہے ہیں؟؟ ایک معلم کو اپنی پرسنیلٹی کا خیال رکھنا چاہیئے۔وہ اپنا ظاہری حلیہ  درست رکھے۔اس کا لباس صاف، شکن سے پاک، مناسب وضع قطع کا  اور رنگ کا ہونا چاہیئے۔اپنی  صفائی کا خیال رکھے۔ بال مناسب بنے ہوئے ہوں ، ناخن کٹے ہوں ، دانت صاف ہوں، جوتے صاف ستھرے ہوں۔چہرے پر تازگی اور ہلکی سی مُسکراہٹ ہو۔ایک دھیمی اور بھینی بھینی سی خوشبو کا استعمال کریں۔اس کے انداز میں اعتماد کی جھلک ہو۔

2۔ اپنے مضمون  پر مکمل دسترس ہو۔ اس کی تمام تفصیلات سے آگاہ ہو۔ طلباء کی جانب سے پوچھے جانے والے ہر ممکنہ سوال کا جواب معلوم ہو۔وہ سوالات سے نہ گھبرائےبلکہ خوش دلی اور خندہ پیشانی سے طلباء کو جواب سے مطمئن کرنے کی صلاحیت رکھے۔

3۔ اس کے پڑھانے کا انداز انتہائی مؤثر  اور طلباء کے لئے دلچسپ ہو۔اس میں وہ مختلف تدریسی طریقوں کو استعمال کرے۔ جن میں طلباء کی شمولیت بھی ہو۔

4۔ اس کے پاس موجودہ سبق کا تدریسی  منصوبہ بندی ( پلان ) ہو۔جو انتہائی مہارت سے تیار کیا گیا ہو۔اور اسکی مناسبت سے  (اے  وی  ایڈ  ) امدادی سامان  موجود ہو ۔تاکہ سبق مؤثر اور کارگر ثابت ہو۔

معلمی پیشہِ پیغمبری ہے۔ اگر پڑھانے کا انداز مؤثر ہوگا تو استاد معتبر مانا جائے گا۔ اچھے انداز سے پڑھانے والے استاد  ہمیشہ معتبر مانے جاتے ہیں اور یاد رکھے جاتے ہیں۔تدریس در اصل ایک آرٹ ہے۔ذہین طلباء کو پڑھانا استادی نہیں بلکہ  کمزور طلباء کو پڑھانا استادی ہے۔ معلم اپنی بہترین صلاحیتوں کو  استعمال کرتے ہوئے  طلباء کی دماغی صلاھیتوں کو ابھارے۔ طلباء میں دلچسپی اور شوق پیدا کرنا   استاذ کا اولین فرض ہے۔دلچسپی  اور شوق کس طرح پیدا کی جائے اس کا تعین استاذ خود کرے۔اللہ نے ہمیں بے شمار صلاحیتوں سے نوازا ہے۔جس کا ہمیں خود ادراک نہیں ہے۔مولا علی علیہ السلام کا فرمان ہے

” جس نے خود کو پہچانا اس نے اپنے رَب کو پہچانا “

Teaching skills:

  1. Pedagogical skills (Teaching Techniques)1۔ پیڈاگوجیکل سکلز ( تدریسی طریقے) :
  2. Cognitive Skills ( Mental Capabilities)2۔ کوگنیٹو اسکلز ( دماغی صلاحیتیں) :
  3. Personal Skills 3۔ پرسنل سکلز ( ذاتی صلاحیتیں) :

 

1۔پیڈاگوجیکل سکلز :

الف ۔ موجودہ مضمون کے پسِ منظر سے آگاہی: پڑھائے جانے والے مضمون کے پسِ منظر سے معلم کو مکمل آگاہی ہو۔وہ اپنے مضمون پر مکمل عبور اور دسترس رکھتا ہو۔مضمون کے ماخذ ، مصنف اور دیگر تمام ضروری معلومات  جہان سے بھی ممکن ہو، حاصل کرے۔

ب۔  مضمون کا تعارف: پڑھائے جانے والے سبق کا تعارف بہت بہتریں انداز سے کروایا جائے۔سوالات کے ذریعے عنوان تک رسائی حاصل کی جائے۔

ج۔پڑھانے کا طریقہ ، ترتیب اور تسلسل :طریقہِ تدریس کا انتخاب معلم کی اپنی ذمہ داری ہے۔مثالی و تقلیدی بلند خوانی کے دوران اصلاحِ تلفظ اور ادائیگی درست کروائے۔کوئی عملی سرگرمی کروائے۔ لیکن اس تمام عمل کے دوران ترتیب کا خیال رکھا جائے تاکہ طلباء کا دماغ منظم رہے۔

د۔ تشریح و وضاحت: یہی وقت معلم کو اپنی مہارت دکھانے کا ہوتا ہے۔ تکنیک، طریقہ، مثالیں، حوالے ،سرگرمی جو بھی اہم اور ضروری ہے کروائیں۔یاد رہے کہ زبانی بات پانچ سے دس سیکنڈ تک یاد رہتی ہے جبکہ عملی سرگرمی کے ذریعے سمجھائی گئی بات کافی دیر یاد رہتی ہے،اسی لئے یہ عمل مؤثر ہوتا ہے۔

ہ۔ تشریح و وضاحت کا طریقہ و تکنیک: یہ بھی تشریح کا ہی حصہ  ہوتا ہے۔یہ وقت معلم کی مہارت کا ہے۔تمام طریقے جو اپنائے جائیں ان کا آپس میں ربط اور تعلق ہو۔معلم اس بات سے واقف ہو کہ طلباء کو کیا معلوم ہے اور کیا  جاننے کی ضرورت ہے۔بات ہر مرتبہ ایک نئی ترکیب اور انداز سے سمجھائیں۔طلباء کی دلچسپی اور توجہ اپنی جانب بنائے رکھیں۔سبق یا مضمون کا مفہوم اخذ کرنا اور کروانا استاد کی اہم خوبی ہے۔اس بات سے خود بھی آگاہ ہوں اور ایک ماہرِ نفسیات کی طرح طلباء کی سوچ میں داخل ہو جائیں۔

و۔ تختہِ سیاہ /سفید کا درست استعمال :  اس کا استعمال معلمانہ صلاحیتوں میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔بورڈ سمری باقاعدہ تیار ہونی چاہیئے۔سبق کے تمام اہم نکات کا خاکہ بورڈ پر واضح اور نمایاں ہو۔اور اس کے سبق کی مکمل وضاحت کرے۔بورڈ کے واضح دو حصے ہونے چاہیئں۔ اتفاقی بورڈ اور مرکزی بورڈ۔ مرکزی بورڈ میں سبق کے اہم نکات آغاز سے اختتام تک لکھے رہیں  جبکہ اتفاقی بورڈ میں حسبِ ضرورت لکھتے اور مٹاتے رہیں۔

ز۔ چارٹ اور امدادی اشیاء کا استعمال : امدادی سامان اور چارٹ سبق کی وضاحت میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔یہ سبق کے مطابق اور دلچسپ ہوں تاکہ طلبا  کا انہماک اور دلچسپی بڑھے۔

ح۔ جماعت کا کام: سبق کو استحکام بخشنے کے لئے اس طریقہ کو آزمایا  جاتا  ہے۔ اس سے اندازہ ہو تا ہے کہ تمام ضروری معلومات طلباء کے دماغ میں محفوظ ہو گئیں؟اس کی تیاری بھی احتیاط اور توجہ سے کرنی چاہیئے۔

ط ۔ تفویض ِ کار : گھر کا کام مختصر اور بامقصد ہونا چاہیئے۔اس سے اس بات کا اندازہ ہو کہ پڑھایا گیا سبق  کتنا کامیاب رہا ۔اور طلباء نے اس سے کیا سیکھا ۔

ی۔ مختصر دُہرائی : سبق کے اختتام پر جلدی سے مختصر الفاظ میں تمام اہم نکات کو مرکزی  بورڈ کی مدد سے دہرانا  کارگر ثابت ہوتا ہے۔

ک۔ آزمائش: مختصر دہرائی کے فوراً بعد چند آزمائشی سوالات پوچھ کر اس بات کا اطمینان کرلینا کہ تمام اہم نکات طلباء سمجھ چکے ہیں  سود مند ثابت ہوتا ہے۔

ل۔ وقت کی تقسیم : کسی کامیاب  سبق کے لئے وقت کی تقسیم ایک اہم کنجی ہے۔ سبق کے ہر مرحلے کے لئے وقت مقرر ہو نا چاہیئے۔تاکہ قدم بہ قدم بڑھتے ہوئے کامیابی کے ساتھ تکمیل پائے۔اور وقتِ مقررہ پر  سبق ختم ہو جائے۔

م۔ سبق کی منصوبہ بندی : معلم کو سبق کی ایک جامع منصوبہ بندی تیار کرنی چاہیئے۔ یہ کہ سبق کا کتنا حصہ ایک پیریڈ میں مؤثر طریقے سے پڑھایا جائے۔

   (شاکرہ کاظمی)     

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *